• Sat. Aug 2nd, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

خیبر پختونخوا کابینہ کا امن و امان پر اگلے ہفتے اے پی سی بلانے کا فیصلہ

Jul 18, 2025

خیبر پختونخوا حکومت نے امن و امان کی صورتحال پر اگلے ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بھارتی جارحیت میں شہید افراد کے ورثا کیلئے فی کس 50 لاکھ روپے اور دہشتگردی میں شہید مولانا خانزیب کے ورثا کیلئے ایک کروڑ روپے امداد کی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو مشاورت کیلئے مدعو کیا جائے گا تاکہ اس مسئلے کے پائیدار حل کیلئے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی کوششوں سے ضلع کرم میں امن بحال ہوا جبکہ جرگوں اور مقامی عمائدین کی مشاورت سے دیگر علاقوں میں بھی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔

کابینہ نے فیصلہ کیا کہ 3 ایم پی او کا نفاذ صوبائی محکمہ داخلہ کی پیشگی اجازت سے مشروط ہو گا تاکہ اس قانون کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ 3 ایم پی او کا قانون ایف سی آر طرز کا قانون ہے جس کا اکثر غلط استعمال ہو رہا ہے، اس کی اصلاح ضروری ہے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ قدرتی آفت کہیں بھی آ سکتی ہے اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، خیبر پختونخوا دیگر صوبوں کی مدد کیلئے ہر وقت تیار ہے۔