نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس کے دوران پاک بھارت کشیدگی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی کوعلاقائی صورتحال پر بریفنگ دی۔
اسحاق ڈارنے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے ساتھ بے بنیاد پروپیگنڈے کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہناہے کہ نائب وزیراعظم نے چین کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے پاک چین دوستی اور شراکت داری کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق نائب وزیراعظم نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم پر زور دیا۔
دونوں اطراف نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا فریقین نے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور تسلط پسندانہ پالیسیوں کی مشترکہ مخالفت، کی۔
فریقین نے امن اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔