صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کیلئے عوامی شعور بیدار کرنا قومی حکمتِ عملی کا محور ہونا چاہیے۔
صدر مملکت نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان میں ہیپاٹائٹس صحتِ عامہ کا سنگین مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ تشخیص میں تاخیراور غیر مؤثر علاج ہیپاٹائٹس کے پھیلاؤ کی وجوہات ہیں، ملک کے دُور دراز علاقوں میں ویکسی نیشن اور علاج کی فراہمی ہونی چاہیے، خون کی محفوظ منتقلی کیلئےسخت نگرانی اور معیاری ضوابط اپنانا ہوں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہمیں ذمہ دار طبی طرزِ عمل اور حفظانِ صحت کی عادات کو فروغ دینا ہوگا، ریاستی ادارے، شعبۂ صحت اور سماجی طبقات کو ہیپاٹائٹس کے خلاف کام کرنا ہوگا۔