• Sat. Jun 21st, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

کم اور متوسط آمدن والا طبقہ معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، محمد اورنگزیب

Jun 21, 2025

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کم اور متوسط آمدن والا طبقہ مہنگائی جھیلتا اور ٹیکس ادا کرتا ہے۔

محمد اورنگزیب نے اجلاس میں کہا کہ بجٹ تجاویز کا جامع اور گہرا جائزہ لیا گیا ہے، جس میں بلال اظہر کیانی ،چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری خزانہ اور دیگر حکام نے شرکت کی، نشستوں میں حکومت نے موقف واضح کیا اور ایوان نے انہیں سمجھا اور سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے مالی سال میں کوئی منی بجٹ نہیں آیا، ہم نے مالی نظم و ضبط برقرار، افراط زر پر قابو پایا اور کرنٹ اکاؤنٹ بہتر کیا ہے، اقدامات کا مقصد پاکستان کو اقتصادی غیر یقینی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے، پائیدار ترقی کیلئے حکومت نے مالی نظم و ضبط کو برقرار رکھا اور فلاحی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ کم اور متوسط آمدن والا طبقہ معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، تنخوا دار طبقے پر انکم ٹیکس کی کمی بجٹ تجاویز کا حصہ ہے، 6 لاکھ سے 12 لاکھ آمدن پر انکم ٹیکس 2.5 سے ایک فیصد کر دیا ہے، حکومت نے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں اضافہ کیا ہے

انہوں نے کہا کہ دونوں ایوانوں میں تجاویز دی گئیں جس پر حکومت نے سولر پینلز پر مجوزہ ٹیکس کو کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پینلز پر ٹیکس 18 سے 10 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سولر پینلز کے ٹیکس کا اطلاق 46 فیصد درآمدی پرزہ جات پر ہو گا، امپورٹڈ پینلز کی قیمت میں 4.6 فیصد اضافہ ہو گا، حکومت صنعت کا فروغ اور قابل تجدید توانائی چاہتی ہے۔

پاکستان کو ماحول دوست اور پائیدار معیشت کی طرف گامزن کرنا ہے، سولر پینلز پر مجوزہ ٹیکس سے پہلے ہی ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کو وارننگ دیتا ہوں حکومت عوامی مفاد کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی، کسی کو عوامی استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔