• Fri. Jun 20th, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں، سید عاصم منیر

Jun 20, 2025

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی واشنگٹن ڈی سی میں سینئر سکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں سے ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی اور عالمی مسائل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو دہرایا، فیلڈ مارشل نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی تفصیلات اور تجزیے پر روشنی ڈالی۔

سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا موقف بیان کیا،پاکستان عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول پر رہا ہے، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان میں آئی ٹی، زراعت، معدنیات،قدرتی وسائل سمیت بے شمار مواقعوں پر روشنی ڈالی، انہوں نے مشترکہ خوشحالی کیلئے عالمی شراکت داروں کو ان شعبوں میں تعاون کی دعوت دی۔

فیلڈ مارشل نے علاقائی اورعالمی تنازعات پر پاکستان کے متوازن نقطہ نظر کی تفصیل سے وضاحت کی، سید عاصم منیر نے بات چیت، سفارت کاری اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی کشیدگی کو کم کرنے میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا،پاکستان باہمی تعاون پر مبنی سیکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

نشست میں پاکستان اور امریکاکے دیرینہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا، فیلڈ مارشل نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک امریکاتاریخی تعاون کو اجاگر کیا، انہوں نے باہمی احترام پر مبنی وسیع تر کثیرالجہتی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے فیلڈ مارشل کے مؤقف کی کھلے دل سے وضاحت کو سراہا،شرکا نے پاکستان کی اصولی و مستقل پالیسیوں کی تعریف کی، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات باہمی افہام و تفہیم کے جذبے سے عبارت تھی، یہ ملاقات پاک امریکا کے درمیان تزویراتی مکالمے کو فروغ دینے کے ایک مثبت قدم کے طور پر دیکھی گئی۔