• Thu. Jul 31st, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

پاکستان شہریت ترمیمی بل سمیت کئی بلز سینیٹ سے منظور

Jul 18, 2025

سینیٹ اجلاس میں پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 سمیت کئی بلز کی منظوری دی گئی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سردار سیدال خان ناصر کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں حوالگی ملزمان، فوجداری قوانین ترمیمی بل اور پاکستان شہریت ترمیمی بلز منظور کر لیے گئے۔

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل بھی منظور کر لیا گیا۔ پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025ء وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے ایوان میں پیش کیا۔

بل کے مطابق کوئی بھی شہری پاکستانی شہریت چھوڑ کر اپنی شہریت حاصل کر سکے گا۔ سینیٹ نے فوجداری قوانین ترمیمی بل 2025 بھی منظور کیا، بل وزیر مملکت طلال چودھری نے پیش کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سزائے موت دینے سے جرائم میں کمی نہیں آئے گی، معاشرے میں قانون کا غلط استعمال کیا جاتا ہے،اسلام میں جن واقعات پرسزائے موت ہے وہ قانون رہنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ یورپ میں سزائے موت کی سزا نہیں لیکن کرائمز کی شرح کم ہے۔

سینیٹ میں وزیر مملکت برائے داخلہ نے حوالگی ملزمان ترمیمی بل 2025 پیش کیا جس پر بیرسٹر علی ظفر نے بل کی مخالفت کر دی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ممالک کے مابین دو طرفہ طور معاملات ہوتے ہیں، حوالگی ملزمان کا ایک طریقہ کار طے ہے، ملزمان کا ممالک کے درمیان تبادلہ ہوتا رہتا ہے، بعد ازاں سینیٹ نے حوالگی ملزمان ترمیمی بل 2025 منظور کر لیا۔

سینیٹ اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایکٹ میں مزید ترمیم کا بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ سینیٹر علی ظفر نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہمحکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر رکھی تھی،بارش کے باعث نقصان حکومتی ناکامی تھی۔

سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ لوگ جان بچانے کیلئے چھتوں پر کھڑے تھے، پی ڈی ایم اے اور این ڈے ایم اے والے کہاں تھے؟ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی فوری امداد کیوں نہیں کی گئی؟ انہوں نے حالیہ تباہی اور حکومتی اقدامات سے متعلق رپورٹ مانگ لی۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سردار سیدال خان نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس معاملے کو دیکھے، انہوں نے کہا کہ پیر کو بارشوں اور تباہی سے متعلق ایوان میں بات کریں گے، بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس پیر کی شام 5بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔