• Tue. Jun 17th, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

ٹرمپ جی-7 اجلاس ادھورا چھوڑ کر واپس واشنگٹن روانہ، تہران پر حملے کا خدشہ؟

Jun 17, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر جی-7 اجلاس مکمل ہونے سے قبل ہی واشنگٹن واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کو سچویشن روم میں الرٹ رہنے کی ہدایت بھی دے دی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، صدر ٹرمپ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری تناؤ کے سبب اجلاس کا آخری دن چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہو رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر بتایا کہ صدر ٹرمپ عالمی رہنماؤں سے عشائیے کے بعد رخصت لے چکے ہیں۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں تہران کے شہریوں کو فوری انخلا کا مشورہ دے چکے ہیں، جس پر شدید تنقید ہوئی تھی۔

دوسری جانب پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکا مکمل چوکس اور تیار ہے، اور مشرق وسطیٰ میں اپنے اثاثوں کی حفاظت کرے گا۔

رائٹرز کے مطابق، امریکی صدر نے جی-7 کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط سے انکار کر دیا ہے، جس میں ایران-اسرائیل تنازع کے خاتمے، جوہری ہتھیاروں کی روک تھام اور توانائی منڈی کے استحکام جیسے نکات شامل تھے۔

یورپی اور کینیڈین سفارتکاروں نے تصدیق کی ہے کہ جی-7 اجلاس کا اختتامی اعلامیہ اب بھی مذاکرات کے مرحلے میں ہے، اور اجلاس کل اختتام پذیر ہوگا۔