• Fri. Jun 6th, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

وقت آ گیا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان، ڈی جی آئی ایس پی آر

May 25, 2025

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے سمجھا کہ حملہ کریں گے اور پاکستان جواب نہیں دے گا۔ پورا پاکستان آہنی دیوار بن کر کھڑا ہوا۔ اور آہنی دیوار نے مودی کی فرضی حکمت عملی کو غلط ثابت کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم اور فوج ہمیشہ ایک ساتھ تھے اور ہیں۔ اور آپ سب اپنے ملک کے پیچھے کھڑے ہوئے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ لیڈر شپ اور آرمی چیف نے 26 مقامات پر بھارت کو جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ مظفر آباد میں 7 سال کا بچہ جس بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کی شیلنگ سے شہید ہواتھا۔ اسے ہم نے پورا تباہ کر دیا۔ 6 اور 7 مئی کی رات کو معصوم بچوں کو شہید کرنے والے جہازوں کے اڈوں کو تباہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی پاک فوج نے آبادی اور عبادت گاہوں کو نشانہ نہیں بنایا۔ ہم امن چاہتے ہیں اور ہماری پہلی ترجیح امن ہے۔ لیکن اگر تم نے دوبارہ حماقت کی تو جواب مزید سخت ہو گا۔ خطے میں جتنی بھی دہشت گردی ہوتی ہے اس کے پیچھے ہندوستان کا چہرا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مساجد اور لوگوں کو شہید کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ دہشت گردوں کا خیبر پختونخوا اور پختون روایات سے بھی کوئی تعلق نہیں۔ خارجی اس ہندوستان سے مدد مانگتے ہیں جو کشمیر کی بچیوں کی عزت پامال کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے۔ اور پختون افغانی آپ کا بھائی ہے لیکن مسئلہ ان کی اشرافیہ ہے۔ ہم کہتے ہیں افغانستان میں دہشت گردوں کو جگہ نہ دیں۔ تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔