پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وطن کی مٹی کے دفاع کے لیے ہماری جانیں حاضر ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے دعا کی۔
خیبر پختونخوا کابینہ نے بھارتی جارحیت پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ اور بھارتی جارحانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ کابینہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور بروقت جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔
خیبر پختونخوا کابینہ نے ملکی دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سے جارحیت قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ اور بھارت کا یہ اقدام بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورسز بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دے رہی ہیں۔ اور بھارت کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم ملک کےدفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تحفظ کے لیے بھر پور جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔ اور بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام ملک کی دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اور وطن کی مٹی کے دفاع کے لیے ہماری جانیں حاضر ہیں۔ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔