نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹر ویز پر نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس گاڑیوں پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا۔
موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نان ایم ٹیگ اور کم بیلنس والی گاڑیوں پر 50 فیصد اضافی ٹول چارجز لاگو ہوں گے،نئے ٹول چارجز کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، اطلاق 15 جون سے ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد سے لاہور موٹروے پر نان ایم ٹیگ، کم بیلنس کار کے لیے ٹول ٹیکس 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے، لاہور سے عبدالحکیم تک نان ایم ٹیگ، کم بیلنس کار پر ٹول ٹیکس 1200 روپے ہو گا، پنڈی بھٹیاں سے ملتان موٹروے پر نان ایم ٹیگ، کم بیلنس کار پر ٹول ٹیکس 1600 روپے وصول کیا جا ئے گا۔
نان ایم ٹیگ، کم بیلنس کار پر ملتان سے سکھر کے لئے ٹول ٹیکس 1800 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی خان سے ہقلہ موٹروے پر کار سے 1000 روپے ٹول ٹیکس لیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حسن ابدال سے مانسہرہ ایکسپریس وے پر نان ایم ٹیگ، کم بیلنس کار پر نیا ٹول ٹیکس 450 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
لاہور سے اسلام آباد 2 اور 3 ایکسل ٹرک کے لیے نیا ٹول 7900 روپے مقرر کیا گیا ہے، نان ایم ٹیگ، کم بیلنس آر ٹی کیولیٹڈ ٹرک سے ٹول ٹیکس 10200 روپے وصول کیا جائے گا۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ ایم ٹیگ کے استعمال کو فروغ دینے کے لئے کیا گیا ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اضافی چارجز سے بچنے کے لئے پندرہ جون تک گاڑیوں پر ایم ٹیگ اور بیلنس کو یقینی بنائیں۔