• Thu. May 1st, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

منصفانہ لیبر ماحول تشکیل دینے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہو گا ، صدر ، وزیراعظم

May 1, 2025

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر محنت کشوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر زرداری نے عالمی یوم مزدور پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے محنت کش مرد و خواتین کی کاوشوں ، جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ یومِ مزدور دنیا بھر کے محنت کشوں کی اپنے حقوق اور وقار کے لئے جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، ہم مزدوروں کی خودمختاری، منصفانہ اجرت، محفوظ ماحول اور سماجی تحفظ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ مزدور اور محنت کش طبقہ ہماری معیشت اور قومی ترقی کا محرک ہے، مزدور ہمارے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، صنعتوں، زراعت اور معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ہمارے کارکن ہمارا فخر ہیں، ہماری قومی ترقی محنت کشوں کی محنت اور کردار کی مرہون منت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک منصفانہ لیبر ماحول تشکیل دینے اور مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا ہو گا، آئیے ملک میں بامعنی پالیسیوں، جامع ترقی اور ایک ایسا کلچر فروغ دیں جہاں ہر محنت کش کے کردار کا احترام کیا جائے۔

دریں اثناء وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محنت کشوں کے لیے محفوظ، صحت مند اور باوقار حالات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ محنت کش قوم کی ترقی اور حالات سے نمٹنے کی استعداد کے پیچھے اصل محرک ہیں،  مزدوروں کے بنیادی حقوق کا تحفظ آئین میں درج ہے، مزدوروں کے تحفظ کیلئے اہم قانون سازی، انتظامی اصلاحات کی ہیں۔