• Tue. Jun 17th, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی: پاکستان ہر ممکنہ بحران سے نمٹنے کیلئے تیار ہے: وزیر خزانہ

Jun 17, 2025

اسلام آباد میں منعقدہ ”نیشنل ورکشاپ آن ٹرانزیشننگ ٹو ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن پنشن اسکیمز“ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کسی بھی ممکنہ اثر سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق، وزیر خزانہ نے کہا کہ پیر کے روز حکومت نے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس کیا، جس میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ ملک میں اشیائے ضروریہ کے وافر ذخائر موجود ہیں، اثاثہ جات کی تمام اقسام کی قیمتوں پر مکمل نظر ہے اور ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا، ’اگر صورتحال مزید بگڑتی ہے تو ہم اقدامات کے لیے اچھی پوزیشن میں ہیں، اور اُمید ہے کہ ایسا نہ ہو۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں ایران اور اسرائیل کے درمیان تازہ فضائی حملوں کے بعد خدشات بڑھ گئے ہیں کہ یہ جنگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے اور مشرق وسطیٰ سے تیل کی برآمدات شدید متاثر ہو سکتی ہیں۔ ان خطرات کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور فراہمی کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے۔

امریکی محصولات پر جاری مذاکرات کے حوالے سے وزیر خزانہ نے بتایا کہ ان کی امریکہ کے وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک سے پیر کو ایک ”بہت تعمیری اور مثبت“ ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک اس سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں کہ پاکستان کو امریکی ٹیرف کے تناظر میں مسابقتی بنیادوں پر ایک بہتر پوزیشن میں لایا جائے، اور سب سے بڑھ کر یہ کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے۔‘