• Wed. Jul 30th, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

فرسودہ نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کئے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، وزیر اعظم

Jul 11, 2025

وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کئے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں ہے۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں شعبہ توانائی میں اصلاحات پر بریفنگ دی گئی، شہبازشریف نے کہا کہ ملک کو جس نظام سے چلانے کی کوشش کی گئی، اس سے ترقی ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک وسائل سے مالامال ہے، نوجوان افرادی قوت پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، باصلاحیت پاکستانی پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں، فرسودہ نظام کو جدید، ڈیجیٹل اور مؤثر گورننس کے نظام میں تبدیل کرنا ترجیح ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیرتوانائی اویس لغاری اور انکی ٹیم قابل تعریف ہے، نظام کی تبدیلی کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی معاونت ضروری ہے، وزارت بجلی کی اصلاحات، نقصانات میں کمی اور بچت باقی وزارتوں کیلئے قابل تقلید مثال ہے۔

وزیر اعظم نے وزارتوں کو جدید نظام سے ہم آہنگ کرنے اور گورننس کی بہتری کی تجاویز سے متعلق کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ کمیٹی باقی وزارتوں و اداروں کی تنظیمِ نو سے متعلق قابل عمل تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔