• Fri. Aug 1st, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

عمران خان کی پارٹی رہنماؤں کو اختلافات ختم کرنے اور احتجاجی تحریک پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت

Jul 15, 2025

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور اجلاس کو لے کر پارٹی میں اختلاف جان بوجھ کر پیدا کیا جارہا ہے، ذاتی اختلافات ختم کریں اور سارا فوکس تحریک پر رکھیں۔

اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد علیمہ خان نے دیگر 2 بہنوں کے ہمراہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آج 2 پیغامات دیے ہیں اور کہا ہے ان کے ساتھ اور بشری بی بی کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، میرے ٹی وی اور اخبارات بند کیے ہوئے ہیں، سپرنٹںڈنٹ جیل اور کرنل صاحب نے انسانی حقوق ختم کیے ہوئے ہیں، میرے ساتھ ہوئے سلوک کا حساب ہونا چاہیے، یہ سب فیلڈ مارشل کے کہنے پر کیا جارہا ہے۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ لاہور اجلاس کو لے کر پارٹی میں اختلاف جان بوجھ کر پیدا کیا جارہا ہے، ذاتی اختلافات ختم کریں اور سارا فوکس تحریک پر رکھیں، 300 پارلیمینٹیرینز لاہور مل کے جانے پر بانی خوش ہوئے ہیں، جو پارٹی میں اختلاف پیدا کرے گا اسے خود دیکھ لوں گا، ہم جیلوں میں بیٹھے ہیں آپ اختلافات پیدا کررہے ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہم یہاں 2 سال سے جیل آرہے ہیں، ہماری فیملی پارٹی کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہماری فیملی چاہتی ہے بانی کے پیغامات پر عمل درآمد ہو، ہمیں اب راستہ بنانا ہے بانی کی رہائی کا، سپرنٹنڈنٹ جیل بانی کے ساتھ غیر انسانی سلوک ختم کریں۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی کا مطلب یہ ہے کہ پارلیمینٹیرینز کو فیصلہ کرنا ہے سیاست میں رہنا ہے کہ نہیں، مذاکرات کس بات پر کرنے ہیں بانی کے کیسز سنیں بات ختم ہوجائے گی۔

احمد خان بچھر

پی ٹی آئی لیڈر ملک احمد خان بچھر نے کہا کہ لاہور میں 5 اگست تک ہماری تحریک چلتی رہے گی، 26 ارکان اسمبلی کے حوالے سے اسپیکر صاحب سے میٹنگ ہوئی ہے، اپوزیشن کو احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا۔

سلمان اکرم راجہ

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی کی واضح ہدایات ہیں کہ ہمیں لاہور اجلاس سے متعلق میڈیا پر مزید بات کرنی ہے، پیسے کی وجہ سے پارٹی کسی کو ٹکٹ نہیں دے گی، ہم سب کو اب مل کر اکٹھے چلنا ہے۔

پی ٹی آئی پارلیمینٹیرینز کا لاہور اجلاس خوش آئند ہے، علیمہ خان

قبل ازیں گورکھپور ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی پارلیمینٹیرینز کا لاہور اجلاس خوش آئند ہے، سب کچھ جلد ٹھیک ہو جائے گا۔

علیمہ خان نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام پارلیمینٹیرینز لاہور میں اکٹھے ہوئے، لاہور میں ہونے والا اجلاس پنجاب کے عوام کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 2 سال کے دوران پنجاب میں عوام کے ساتھ بہت زیادتیاں ہوئیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ انشاء اللہ سب کچھ جلد بہتر ہو جائے گا۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ پنجاب کے ایم این ایز اور ایم پی ایز یکجہتی کا مظاہرہ کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ پنجاب کی قیادت کو اجلاس میں نہ بلانے سے متعلق ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ ہمیں بتایا گیا تھا کہ یہ پارلیمینٹیرینز کا اجلاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب لاہور کے ایونٹ کو سراہتے ہیں اور پارٹی کے اتحاد پر مطمئن ہیں۔