سکیورٹی فورسز نے اسرائیلی ساختہ 77 بھارتی ڈرون مار گرائے۔
سکیورٹی ذرائع نے کہا کہ وہاڑی، پاکپتن اور اوکاڑہ میں اسرائیلی ساختہ 6 بھارتی ڈرون تباہ کر دیے گئے ہیں۔
چھ میں سے ایک ڈرون کو وہاڑی، ایک پاکپتن جبکہ 4 ڈرونز کو اوکاڑہ میں تباہ کیا گیا، ذرائع کے مطابق اب تک دشمن کے کل 77 ڈرونز کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ تمام ڈرونز مسلسل ریڈارپر مانیٹر کئے جا رہے تھے، جب بھی کوئی ڈرون آتا ہے تو وہ مسلسل ریڈار پردیکھا جا رہا ہوتا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہمارے ائیر ڈیفنس سسٹم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ چھوٹے ڈرون کو بھی ٹریک لیتا ہے، شہری علاقوں اورکمرشل فلائٹس کی موجودگی میں ڈرون مارگرانے کا ایک آپریشنل طریقہ کار ہے۔
دفاعی ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاعی نظام اور ایئر ڈیفنس سسٹم دشمن کے حملوں کو مسلسل ناکام بنا رہا ہے، ہروپ ڈرون کی ٹریکنگ سے واضح ہے کہ پاکستان کا دفاعی اور ائیر ڈیفنس سسٹم انتہائی مضبوط ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 8 مئی کی شام تک 29 بھارتی ڈرونز کو مار گرایا گیا، گزشتہ رات سے اب تک مزید 48 ڈرونز مارے ہیں، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔