• Fri. Jun 6th, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

خیبرپختونخوا کی قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی، وزیر اعظم

Jun 3, 2025

پشاور: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور میں امن جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جرگے کے تمام شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ اور جرگے میں شرکت میرے لیے ایک اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل سننے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ اور اس صوبے کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں ہیں۔ خیبر پختونخوا ایک عظیم اور خوبصورت صوبہ ہے۔ اور اس کا شمار خوبصورت ترین صوبوں میں ہوتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا انتہائی غیور اور دلیر عوام کی سرزمین ہے۔ جبکہ قبائلی عمائدین اور خیبرپختونخوا کے لوگ غیرت مند ہیں۔ اس صوبے کی عوام نے ہمیشہ اپنے ملک کا دفاع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی عوام نے 1947 میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ اور وہ قیام پاکستان کے بہت بڑے حامی تھے۔ خیبر پختونخوا کی عوام نے قیام پاکستان کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب بھی ملک کی بات آئی خیبرپختونخوا کی عوام نے پاکستان کے جھنڈے کو بلند کیا۔ اور ان کی قربانیاں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی۔ اے پی ایس کے واقعے میں بچوں اور اساتذہ کو بے دردی سے دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔