• Wed. Jul 30th, 2025

Watan Radio

Radio Watan Fm 90.8

خیبرپختونخوا حکومت کا 1500 اسکول نجی شعبے کو دینے کا فیصلہ

Jul 8, 2025

خیبرپختونخوا حکومت نے تعلیمی شعبے میں بڑے فیصلے کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے صوبے بھر کے 1500 اسکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ ایلیمنٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے 200 نئے اسکول قائم کیے جائیں گے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ آئندہ مالی سال 26-2025 کے لیے 364 ارب روپے کا تعلیمی بجٹ مختص کیا گیا ہے، جس میں 29 نئے منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 10 تاریخی اسکولوں کی بحالی کے لیے بھی خصوصی فنڈ رکھا گیا ہے۔

فیصل ترکئی نے کہا کہ 12 سو ملین روپے تعلیم ایمرجنسی، اسمارٹ کلاس رومز اور اضافی کمروں کی تعمیر کے لیے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ آؤٹ آف اسکول بچوں کی تعداد اب بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، تاہم ہر سال ان بچوں کو اسکول لانے کی بھرپور مہم جاری ہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کے اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے، جسے دور کرنے کے لیے وہاں پرائمری اسکولوں میں 500 نئے کمروں کی تعمیر کی جائے گی۔

فیصل ترکئی کے مطابق تمام پرائمری اسکولوں میں مفت کتابوں کے ساتھ بیگ اور اسٹیشنری فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ تعلیم کارڈ اسکیم پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ رواں سال کے اختتام تک تمام اسکولوں میں 100 فیصد فرنیچر کی فراہمی مکمل کی جائے گی۔

صوبے کے ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں کمپیوٹر لیبز اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی منصوبہ زیرِ عمل ہے۔

وزیر تعلیم کے مطابق اسکولوں میں مانیٹرنگ کے نظام کی بہتری سے اساتذہ کی حاضری میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

فیصل ترکئی کا کہنا تھا کہ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ خیبرپختونخوا کا ہر بچہ تعلیم یافتہ ہو۔