چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تنازع سے پہلے خطہ جتنا محفوظ تھا اب نہیں ہے۔
بلاول بھٹو نے اخبار دی یورو آبزرور کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ بندی تو ہوگئی ہے لیکن ابھی تک امن حاصل نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع میں بھارتی جنگی جنون تیزی سے بڑھا،بھارت ہی تھاجس نے پاکستان کے خلاف جوہری صلاحیت کامیزائل نصب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کارویہ انتہائی خطرناک تھا، سیز فائر کرانے میں امریکا براہ راست شامل رہا، تمام عالمی برادری جنگ بندی کے لیے انتہائی مددگار رہی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یورپی یونین ہمیشہ عالمی قوانین کی بات کرتی رہی ہے، موجودہ صورتحال میں یورپی یونین کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا اور پانی روکنا اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی ہے، پانی روکنے کا بھارتی فیصلہ جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔