نو مئی واقعات میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ضمانت کے معاملے پر سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی ہے، جبکہ ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کرنے والا بینچ بھی کردیا گیا ہے۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، تاہم بانی پی ٹی آئی کے مرکزی وکیل سلمان صفدر کی بیرونِ ملک روابگی کے باعث سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
سپریم کورٹ میں وکیل سلمان اکرم راجہ نے پیش ہو کر عدالت کو آگاہ کیا کہ سلمان صفدر اس وقت ملک سے باہر ہیں، اس لیے سماعت ملتوی کی جائے۔ انہوں نے عدالت سے اگلے ہفتے کی تاریخ دینے اور تمام فریقین کو فوری نوٹس جاری کرنے کی استدعا کی، تاہم عدالت نے نوٹس جاری کرنے کی فوری درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت 12 اگست تک ملتوی کر دی۔
ضمانت اپیلوں پر سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل
سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی تحریک انصاف کی 9 مئی کے مقدمات میں دائر ضمانت اپیلوں پر سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دے دیا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ان اپیلوں پر سماعت کے لیے نیا تین رکنی بینچ 12 اگست کے لیے مقرر کیا ہے۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی اس بینچ کی سربراہی کریں گے، جب کہ بینچ میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل ہوں گے۔
جوڈیشل کمپلیکس میانوالی حملہ کیس میں پولیس کی ناکامی پر عدالت برہم
دوسری جانب، انسداد دہشتگردی عدالت سرگودھا میں 9 مئی کے روز جوڈیشل کمپلیکس میانوالی پر حملے کے مقدمے کی سماعت بھی ہوئی۔ عدالت میں میانوالی پولیس کی جانب سے اب تک کسی بھی ملزم کی گرفتاری نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔
گزشتہ روز عدالت نے ملزمان کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور حکم دیا تھا کہ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔ تاہم پولیس اب تک کسی بھی ملزم کو عدالت میں پیش نہ کر سکی۔
پی ٹی آئی کے وکیل ملک شفقت اعوان نے عدالت سے ساڑھے 12 بجے تک کی مہلت مانگتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اس وقت پارٹی قیادت سے مشاورت کے سلسلے میں اسلام آباد میں موجود ہیں اور ساڑھے 12 بجے تک عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔
عدالت نے پولیس کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ سماعت پر گرفتار ملزمان کو ہر صورت عدالت میں پیش کیا جائے، ورنہ متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔